حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام آغا سید حسن موسوی نے ممتاز فقیہ اور مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے سانحۂ ارتحال کو عالم تشیع کے لیے ایک عظیم علمی و دینی نقصان قرار دیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں آغا سید حسن نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ کی پوری زندگی فقہ و معارف اہل بیتؑ کی خدمت، علمی تحقیق و تدقیق، حوزۂ علمیہ کی سربلندی اور دینی اقدار کے تحفظ کے لیے وقف رہی۔ ان کی رحلت سے عالم تشیع ایک بلند پایہ فقیہ، صاحب نظر عالم اور مخلص خادم مکتب اہل بیتؑ سے محروم ہوگیا ہے۔
صدرِ انجمنِ شرعی شیعیان جموں وکشمیر نے کہا کہ مرحوم مرجع عالیقدر کی علمی خدمات، فقہی بصیرت اور دینی و اخلاقی کردار حوزات علمیہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک گراں قدر علمی سرمایہ رہے گا۔
انہوں نے حضرت ولی عصر امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجع عظام، حوزات علمیہ، علمائے کرام، پیروان مرجعیت اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار ائمہ معصومینؑ میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان و عقیدت مندوں کو صبر جمیل عطا کرے۔









آپ کا تبصرہ